ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / گلف سے لوٹنے والے توجہ دیں، بھٹکل لوٹنے والے 14 دنوں تک اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں

گلف سے لوٹنے والے توجہ دیں، بھٹکل لوٹنے والے 14 دنوں تک اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں

Sat, 14 Mar 2020 20:23:56    S.O. News Service

بھٹکل:14؍مارچ(ایس اؤ نیوز) وبائی مرض کرونا وائرس کو لے کر بھٹکل میں بھی  خبریں، اور افواہیں  عوامی سطح پر گردش میں  ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ عام بخار میں مبتلا قریب 40 سالہ ایک شخص کو کروناوائرس کے خو ف سے انہیں بھٹکل سرکاری اسپتال کے کروناوارڈ میں داخل کیا گیا ہے اور اسکا خصوصی علاج کیا جارہاہے۔

کرونا وائرس کے تعلق سے معلومات فراہم کرنے بھٹکل کے اسسٹنٹ کمشنر بھرت نے اخباری کانفرنس کا انعقاد کرتے ہوئے کہاکہ بھٹکل تعلقہ میں کہیں بھی کرونا وائرس کو لےکر کوئی پوزیٹیو معاملہ درج نہیں ہواہے۔ کچھ لوگ جان بوجھ کر وھاٹس ایپ ، فیس بک سمیت سوشیل میڈیا پر جھوٹی خبریں اور  افواہیں پھیلا کر عوام میں خوف پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں جن کا پتہ لگا کر سخت کارروائی کی جائے گی۔

یہاں تحصیلدار دفتر میں انہوں نے بتایا کہ 4مارچ کو دبئی سے بھٹکل پہنچے ایک شخص کے متعلق معلوم ہونے کے بعد گزشتہ 10دنوں سے اس کے گھومنے پھرنے والے علاقوں کی جانچ کی جارہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ دل کا آپریشن کر کے واپس لوٹنے والا ایک شخص  جب بخار میں مبتلا ہوا تو اس کا  خصوصی وارڈ میں علاج کیا جارہاہے، اس کاخون اور کف جانچ کے لئے بھیجاگیا ہے، اسی کو لےکر کچھ لوگ غلط فہمی سے کرونا وائرس کے متعلق افواہیں پھیلا رہے ہیں، جب کہ سچائی یہ ہے کہ یہاں ابھی تک کرونا وائرس کا پتہ نہیں چلاہے، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی افواہوں پر دھیان نہ دیں۔

اے سی نے معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ تعلقہ میں کل 11لوگوں پر نگاہ رکھی گئی ہے۔ صحت عامہ کے افسر متعلقہ افراد کے گھرپہنچ کر 14دنوں تک انہیں گھر میں ہی رہنے کی ہدایت دی ہیں۔ 

انہوں نے بتایا کہ اگر تعلقہ میں کروناوائرس کا پتہ چلے تو ہم خود اس کی وضاحت کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ تعلقہ کے مرڈیشور ریلوے اسٹیشن ، مرڈیشور مندر، بھٹکل ریلوے اسٹیشن ، بس اسٹانڈ سمیت کل چارجگہوں پر کرونا ہیلپ ڈسک شروع کئے گئے ہیں۔ تعلقہ میں کرونا وائرس کے انسداد کے لئے پیشگی اقدامات کئے گئے ہیں۔ ہاں اگر ضرورت پڑی  تو کسی فرد یا شخص کی جانچ کرسکتےہیں۔

انہوں نے زور دے کر بتایا کہ بیرونی ممالک سے جو بھی لوگ وطن لوٹے ہیں وہ 14دنوں تک گھر سے کسی حال میں بھی باہر نہ نکلیں۔ جو بھی بیرونی ممالک سے وطن لوٹتا ہے اس کی ہمیں فوری اطلاع مل جاتی ہے جس کے بعد ہم ان پر کڑی نگرانی رکھ رہے ہیں۔ تعلقہ بھر میں صحت عامہ محکمہ کا عملہ ، آشا کارکنان گھر گھر پہنچ کر کرونا وائر س کے متعلق بیداری پیدا کررہے ہیں۔ اے سی نے واضح کیا کہ ہم نے  عوام کو ماسک پہن کر گھومنا لازمی نہیں کیا ہے اور ماسک ڈال کر گھومنےکی ضرورت بھی نہیں ہے،البتہ مارکیٹ، شادی بیاہ جیسی محفلو ں میں احتیاط کرنےکی ہدایات جاری کی ہیں۔ تعلقہ کے سبھی اسکولوں اور کالجوں کو چھٹی دی گئی ہے، میٹنگ ، اجلاس وغیرہ کو رد کردیاگیا ہے ۔

میٹنگ میں ڈی وائی ایس پی گوتم کے سی نے بتایا کہ جو بھی سوشیل میڈیا پر وائرس کو لےکر افواہیں پھیلا رہا ہے ان کا پتہ لگایا جارہاہے۔ جھوٹی خبریں اور افواہیں پھیلا کر عوام میں خوف پیدا کرنا اچھی بات نہیں ہے۔ افواہ پر مبنی خبرپوسٹ کرتے ہیں تو ایسے واٹس اپ ،فیس بک ایڈمن پر کارروائی کی جائے گی۔

تحصیلدار وی پی کوٹرولی نے عوام سے اپیل کی کہ عوام کروناوائرس کی روک تھام کے لئے پیشگی اقدامات کریں۔ محکمہ صحت عامہ کی طرف سے دی گئی ہدایات پر لازماً اور مکمل طورپر عمل کریں۔ تعلقہ صحت عامہ افسر ڈاکٹر مورتی راج بھٹ نے بتایا کہ ہرایک فرد اپنے اوپر یہ لازم کرے کہ اسے ہر دو گھنٹےمیں ایک مرتبہ صابن سے اچھی طرح ہاتھ دھونا ہے۔ کسی بھی فرد سے کم سے کم ایک میٹر کی دوری قائم رکھیں۔ عوامی سطح پر ماسک استعمال کرنےکی ضرورت نہیں ہے، لیکن جو مشتبہ ہیں انہیں ضرور ماسک کااستعمال کرنا چاہئے۔

بھٹکل میں 4لوگوں کو کرونا ؟: بھٹکل  کے  4لوگ کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کی خبر ایک کنڑا نیوز چینل پر بریکنگ نیوزکے طور پیش کی جارہی تھی جسکے تعلق سے جب ان سے پوچھا گیا تو انہوں وضاحت کہ یہاں ایسا کوئی معاملہ پیش نہیں آیا ہے۔اور جھوٹی خبریں پھیلا کر عوام میں خوف وہراس پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔


Share: